
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پشاور زلمی کا ناقابلِ شکست رہنے کا سلسلہ جاری ہے جہاں زلمی نے ایونٹ کی فیوریٹ ملتان سلطانز کو 24 رنز سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز کا ٹوٹل بورڈ پر سجایا۔
محمد حارث کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کا آغاز برق رفتار رہا، تاہم 17 گیندوں پر 38 رنز بنانے کے بعد حارث آؤٹ ہوگئے۔
نئے آنے والے بلے باز کوشل مینڈس تھے، جنہوں نے مسلسل تیسری مرتبہ زلمی کے لیے نصف سنچری اسکور کر ڈالی۔ انہوں نے 40 گیندوں پر 68 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
فرحان یوسف 30، کپتان بابر اعظم 18، مائیکل بریسویل 14 اور افتخار احمد 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد اسماعیل اور پیٹر سڈل نے دو دو جبکہ محمد نواز اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کا آغاز بھی برق رفتار رہا، جہاں صاحبزادہ فرحان 17 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے لیکن ٹیم کا رن ریٹ برقرار رہا۔
اسٹیو اسمتھ 31، جوش فلیپی 32 اور شان مسعود 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تاہم اپنی ٹیم کو فتح کی لکیر تک پہنچانے میں ناکام رہے اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 172 رنز بناسکی۔
پشاور زلمی کے صفیان مقیم نے 4 اوورز میں 3 وکٹیں لے کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ فاسٹ بولر ناہید رانا نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 24 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے انکا ساتھ دیا۔
افتخار احمد نے بھی 2 وکٹیں لیں جبکہ مہنگے ثابت ہونے والے عامر جمال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پشاور زلمی کے صفیان مقیم کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
انہوں نے پچ سے متعلق کہا کہ 180 سے 190 کا اسکور اس پچ پر اچھا رہے گا۔
واضح رہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم پانچ میچز میں اب تک ناقابلِ شکست ہے، جہاں اس نے 4 میچز میں کامیابی حاصل کی اور ایک بارش کی نذر ہوا۔
پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم دوسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان سپر لیگ 11 کے تمام میچز پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر اور مائیکو ایپ پر براہِ راست نشر کیے جارہے ہیں۔


