
ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ انسان کے چلنے کی رفتار اس کی اصل یعنی کہ حیاتیاتی عمر (biological age) کا اہم اشارہ بن سکتی ہے۔
نئی طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ صرف 1 منٹ کا ایک سادہ واک ٹیسٹ جسمانی صحت، دماغی کارکردگی اور مجموعی عمر کے بارے میں اہم معلومات فراہم کر سکتا ہے۔
1 منٹ گیٹ ٹیسٹ کیا ہے؟
اس ٹیسٹ میں فرد کو تقریباً 4 میٹر کا فاصلہ معمول کی رفتار سے چلنے کو کہا جاتا ہے اور وقت نوٹ کیا جاتا ہے۔
اس عمل سے چلنے کی رفتار میٹر فی سیکنڈ (m/s) میں ناپی جاتی ہے۔
طبی طریقۂ کار میں 2 میٹر رفتار بڑھانے اور 2 میٹر رفتار کم کرنے کے حصے شامل ہوتے ہیں تاکہ درست نتیجہ حاصل کیا جا سکے۔
چلنے کی رفتار کیوں اہم ہے؟
ماہرین کے مطابق چلنے کی رفتار کو اب صحت کی ’چھٹی اہم علامت‘ سمجھا جا رہا ہے جس سے دل کی صحت، دماغی کارکردگی، پٹھوں کی مضبوطی، گرنے کے خطرے اور شرحِ اموات کا امکان، سُست رفتار کمزوری، عضلاتی کمی یا اعصابی مسائل جیسے مسائل کو جانچا جا سکتا ہے۔
حیاتیاتی عمر کیا ہوتی ہے؟
حیاتیاتی عمر سے مراد جسم کے اندرونی اعضاء اور اِن کی اصل حالت ہے جو درج ذیل عوامل سے متاثر ہوتی ہے:
روزمرہ طرزِ زندگی، جسمانی سرگرمی، نیند اور غذا۔
یہی وجہ ہے کہ کسی شخص کی حیاتیاتی عمر اس کی پیدائشی عمر سے کم یا اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔
رفتار کے مطابق صحت کے درجے
تحقیق کے مطابق چلنے کی رفتار کے معیار یہ ہیں:
1.2 m/s سے زیادہ: کم خطرہ، صحت مند حالت۔
1.0–1.2 m/s: درمیانی خطرہ، نگرانی ضروری۔
0.8–1.0 m/s: طبی توجہ درکار۔
0.8 m/s یا کم: زیادہ خطرہ، فزیوتھراپی اور معائنہ ضروری ہے۔
عمر کے حساب سے اوسط رفتار
صحت مند افراد کی اوسط رفتار:
عمر 40–49 سال
خواتین: 1.39 m/s
مرد: 1.43 m/s
عمر 60–69 سال
خواتین: 1.24 m/s
مرد: 1.43 m/s
عمر 80–89 سال
خواتین: 0.94 m/s
مرد: 0.97 m/s
گھر پر ٹیسٹ کیسے کریں؟
ہموار جگہ پر 4 میٹر فاصلہ ناپیں۔
اسٹاپ واچ کا استعمال کریں۔
ایک شخص وقت نوٹ کرے اور دوسرا چلنے کی درست مشق کرے۔
ٹیسٹ ہلکی غذا کے بعد کریں۔
ماہرین کے مطابق کلینک میں کیا گیا ٹیسٹ زیادہ درست نتائج دیتا ہے۔
چلنے کی رفتار کیسے بہتر بنائیں؟
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ واک اور جسمانی ورزش کریں، طاقت اور توازن بڑھانے والی مشقیں کرنے کی روٹین بنائیں، متوازن غذا کا استعمال کریں اور باقاعدہ جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سالانہ طبی معائنے میں چلنے کی رفتار کی جانچ شامل کرنے سے صحت اور عمر کے خطرات کا بر وقت اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے، صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔


