
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 4 وکٹ سے ہرا دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 129 رنز کا ہدف دیا، جو کراچی کنگز نے آخری اوور کی تیسری گیند پر حاصل کرلیا۔
کراچی کنگز کی اننگز میں گیند کی حالت میں تبدیلی کی گئی، جس پر امپائر نے لاہور قلندرز کے خلاف کراچی کنگز کو 5 رنز کی پنالٹی لگائی، فیلڈ امپائر نے گیند کی حالت سے مطمئن نہ ہونے کے سبب کراچی کنگز کو 5 پنالٹی رنز ایوارڈ کیے۔
آخری اوور میں کراچی کو جیت کے لیے 14 رنز درکار تھے، تاہم گیند تبدیل کرنے پر 5 رنز کی پینلٹی نے میچ کا رخ بدل دیا اور یوں ہدف کم ہو کر 9 رنز رہ گیا، عباس آفریدی نے آخری اوور کی دوسری گیند پر زبردست چوکا اور تیسری گیند پر زوردار چھکا لگا کر میچ کا شاندار اختتام کیا اور یوں انہوں نے صرف 2 گیندوں پر 10 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلوائی۔
کراچی کنگز کے بیٹر محمد وسیم 38، سعد بیگ 19 اور معین علی نے 18 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے 18رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 128 رنز بنا سکی۔
عبداللّٰہ شفیق نے 24 گیندوں پر 33 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت دکھائی، جبکہ باقی بیٹرز وکٹ پر جم نہ سکے۔
کراچی کنگز کے ایڈم زمپا نے 4 اوورز میں 11 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، معین علی اور میر حمزہ نے بھی 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
آخری 5 اوورز میں لاہور نے صرف 20 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دیں، کراچی کنگز کی اسپن بولنگ نے مکمل طور پر لاہور کی بیٹنگ کو قابو میں رکھا۔
خیال رہے کہ لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹاس کے موقع پر قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا تھا کہ ان کی بیٹنگ لائن مضبوط ہے اور وہ اس وکٹ پر 170 سے 180 رنز کا ہدف مناسب سمجھتے ہیں۔
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ان کی ٹیم گزشتہ شکست کا بدلہ لینے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق وکٹ اچھی ہے اور اچھی لینتھ پر گیند تیزی سے بیٹ پر آئے گی۔


