
حسن علی کی شاندار بولنگ کے سبب پاکستان سُپر لیگ الیون کے دوسرے دن کے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14 رنز سے ہرادیا۔ حسن علی نے 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ایونٹ کے میچز جیو سوپر اور ڈیجٹل ایپ مائیکو پر براہ راست نشر کئے جارہے ہیں۔
کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ پر 181 رنز اسکور کیے، معین علی نے 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان ڈیوڈ وارنر 35 اور مرزا سعد بیگ 30 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
احمد دانیال 3، الزاری جوزف 2، ابرار احمد اور عثمان طارق نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
جواب میں اوپنرز سعود شکیل اور شامل حسین نے 79 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، شامل حسین نے 24 گیندوں پر 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، سعود شکیل نے 33 رنز بنائے۔
بقیہ بیٹرز کراچی کنگز کے بولرز خاص طور پر حسن علی کی عمدہ بولنگ کا مقابلہ نہ کرسکے اور ٹیم 7 وکٹ پر 167 رنز تک پہنچ سکی۔ رائلی روسو اور بین میکڈرموٹ نے 25، 25رنز کی باریاں کھیلیں
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ کی ٹاس کےلیے سعودی شکیل اور ڈیوڈ وارنر میدان میں اترے تھے۔
کراچی کنگز کی پلیئنگ الیون میں کپتان ڈیوڈ وارنر، محمد وسیم، سلمان آغا، سعد بیگ، معین علی، خوشدل شاہ، اعظم خان، شاہد عزیز، حسن علی، ایڈم زیمپا اور میر حمزہ شامل تھے۔
آسٹریلیا کے معروف لیگ اسپنر ایڈم زمپا کا پی ایس ایل میں ڈیبیو میچ ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فائنل الیون میں کپتان سعود شکیل، شامل حسین، رائلی روسو، حسن نواز، خواجہ نافع، بین میکڈرمٹ، ٹام کرن، احمد دانیال، الزاری جوزف، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل تھے۔


