وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پیٹرول پر 127 اور ڈیزل پر 200 روپے سے زائد کی سبسڈی دی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں مصدق ملک نے کہا کہ مشکل صورتحال کا سامنا ہے۔ حملوں، دھماکوں کے باوجود خطے میں ماحولیاتی آلودگی کا خطرہ بڑھ گیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے پیٹرول کی مد میں 127 اور ڈیزل پر 200 روپے سے زائد کی سبسڈی دی ہے، حکومت نے اپنے اخراجات میں کافی حد تک کمی کی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسانوں کی سہولت کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہیں کیا گیا، ملک کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے۔
سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بچت کے لیے سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے، وفاقی وزرا، مشیروں کے دوروں پر پابندی عائد کردی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال کے باعث وزیر اعظم نے اپنے دورے منسوخ کردیے، ہمیں مشکل صورتحال میں کفایت شعاری کو اپنانا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت غریب طبقے کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، صرف سیکیورٹی مقاصد کے لیے سرکاری لگژری گاڑیاں استعمال کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے لگژری گاڑیوں کے فیول پر 200 روپے ٹیکس عائد کیا، غیر طبقے کے بجائے امیر طبقے پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔
سینیٹر مصدق ملک نے کہا کہ خطے میں مشکل صورتحال کے باعث ہمیں مل کر ملک کو مشکل وقت سے نکالنا ہوگا۔


