ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں سپر ایٹ مرحلے کے مارو یا مرجاؤ کی صورتحال والے میچ میں سری لنکا نیوزی لینڈ سے 61 رنز سے شکست کھا کر ورلڈکپ میں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا، جبکہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان مزید کم ہوگیا۔
کولمبو میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے 168 کا ٹوٹل بورڈ پر سجادیا۔
نیوزی لینڈ نے دھواں دار انداز میں اننگز کا آغاز کیا، تاہم مڈل میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو قابو کیا اور اسے 86 رنز پر 6 وکٹوں سے محروم کردیا۔
تاہم ساتویں وکٹ پر کپتان مچل سینٹنر اور کول میک کونچی نے 48 گیندوں پر 84 رنز کی برق رفتار پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو 7 وکٹوں پر 168 رنز کے ٹوٹل تک پہنچایا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر 47 رنز ب نا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ میک کونچی 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ راچن رویندرا نے 32 جبکہ فن ایلن نے 23 رنز بنائے جبکہ گلین فلپس نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی جانب سے مہیش تھیکشنا اور دشمانتھا چمیرا نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دنتھ ویلالاگے کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
سری لنکا کی بیٹنگ:
ٹرننگ وکٹ پر پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹرز کی ایک نہ چل سکی، اس کے ابتدائی 4 بلے باز 9ویں اوور میں 29 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے۔
پاتھم نسانکا صفر، کوشل مینڈس 11، چریتھ اسالانکا 5 اور پون رتنانائیکے 10 رنز بنا آؤٹ ہوگئے۔
پانچویں وکٹ پر شناکا اور کمنڈو مینڈس نے 16 رنز بنائے، تاہم 46 کے مجموعے پر شناکا بھی آؤٹ ہوگئے۔
چھٹی وکٹ پر سری لنکا نے 13 رنز بنائے، تاہم 59 کے مجموعے پر ہیمانتھا بھی کیچ دے بیٹھے جبکہ ساتویں وکٹ پر 18 رنز کی پارٹنرشپ بنی، تاہم 77 کے مجموعے پر سری لنکا کی آخری امید کمنڈو مینڈس بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 31 رنز بنائے۔
سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 105 رنز پر گری جب ویلالاگے 29 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
سری لنکا مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بناسکی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے پارٹ ٹائمر راچن راویندرا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، میٹ ہینری نے دو جبکہ گلین فلپس اور مچل سینٹنر نے ایک ایک وکٹ لی۔
سری لنکا آؤٹ، پاکستان کی مشکلات میں بھی اضافہ
دونوں ٹیموں کے درمیان سپر ایٹ گروپ 2 کا یہ میچ ایونٹ میں پاکستان اور سری لنکا دونوں کی بقا کیلئے اہمیت کا حامل تھا، جہاں اب شکست کے بعد سری لنکا کا ورلڈکپ میں سفر تمام ہوگیا جبکہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے چانسز مزید کم ہوگئے۔
اس میچ کےلیے سری لنکا کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی جہاں کامل مشرا کی جگہ پر تجربہ کار چریتھ اسالانکا کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
سری لنکا میں کپتان داسن شناکا، پاتھم نسانکا، کوشل مینڈس، چریتھ اسالانکا، پوان رتنانائیکے، کمنڈو مینڈس، دنتھ ویلالاگے، دشان ہیمانتھا، دشمانتھا چمیرا، مہیش ٹھیکشان، دلشان مدوشنکا شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کپتان مچل سینٹنر، ٹم سیفرٹ، فین ایلن، راچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، کول میک کونچی، میٹ ہینری، اش سوڈھی اور لوکی فرگوسن پر مشتمل تھی۔


