
وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاک بھارت میچ کھیلنے کےلیے گرین سگنل دے دیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ اس حوالے سے کچھ دیر میں فیصلہ ہوجائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا۔ محسن نقوی نے وزیراعظم کو بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے موقف سے بھی آگاہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے پاک بھارت میچ کھیلنے کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی کو گرین سگنل دے دیا۔ پاکستان کا بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے سے متعلق حتمی اعلان کچھ دیر میں ہوگا۔
ادھر لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت میچ سے متعلق کچھ دیر میں فیصلہ ہو جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم تو ہر وقت اچھی خبر کے لیے تیار رہتے ہیں۔ بنگلادیش نے ہم سے درخواست کی ہے کہ میچ کھیلیں۔ بنگلادیش کے آئی سی سی سے معاملات حل ہونے چاہئیں۔
محسن نقوی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے بنگلادیش کےلیے اسٹینڈ لیا تھا اور ان کی ہی بات کی ہے۔


