
پاکستان نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے 12 میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹ سے شکست دی اور میگا ایونٹ میں جیت کا کھاتہ کھول لیا۔
ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں پہلے اسکاٹ لینڈ نے بیٹنگ کی جو 49ویں اوور میں 187رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، کپتان تھامس نائٹ نے 37، فنلے جونز نے 33 اور اولی جونز نے 30 رنز بنائے۔
پاکستانی فاسٹ بولر علی رضا نے 37 رنز کے عوض 4 جبکہ مومن قمر نے 46 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔
گرین شرٹس نے 188رنز کا ہدف 44ویں اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، عثمان خان نے 75 اور احمد حسین نے 47رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔
اولی جونز اور مانو سرسوت نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دوسری طرف ونڈ ہیوک میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے تنزانیہ کو 329 رنز کے بڑے مارجن سے ہرادیا۔
میچ میں جنوبی افریقہ نے 5 وکٹ پر 397 رنز اسکور کیے، جواب میں تنزانیہ کی ٹیم صرف 68 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مجولا اور جیسن راؤلز نے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کئے۔
ایونٹ کے میچز جیو سوپر اور ڈیجٹل ایپ مائیکو پر براہ راست نشر کئے جارہے ہیں۔


