1547765 095553 updates

22875 191084722875

کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ میں لگنے والی تیسرے درجے کی آگ 16 گھنٹے بعد بھی بجھائی نہ جاسکی۔ آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔ دھویں کے باعث متعدد افراد کی حالت غیر ہوگئی، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ آگ کے باعث گل پلازہ کی عمارت کے 2 حصے گرگئے۔ 

تین منزلہ عمارت میں ایک ہزار سے زائد دکانیں موجود ہیں، گراؤنڈ اور میزنائن فلور مکمل طور پر جل گئے ہیں جبکہ بالائی دو منزلوں پر آگ لگی ہوئی ہے۔

آگ کے باعث عمارت مخدوش ہوگئی ہے اور پلرز کمزور پڑگئے ہیں جس کے باعث عمارت کے مکمل طور پر گرنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ شہر کی تمام فائر ٹینڈرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن میں پاک بحریہ کی اسنارکلز اور دو فائرٹینڈر بھی شامل ہیں۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کا فائر ٹینڈرز پہنچ گیا

کراچی گل پلازا کی آگ بجھانے کے لیے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی سے بھی مدد طلب کی گئی ہے۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی درخواست پر فائر ٹینڈرز گل پلازا پہنچ گیا ہے۔

فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق، متعدد افراد زخمی

گل پلازہ میں لگنے والی آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔

حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں فائر فائٹر بھی شامل ہے، فائر فائٹر فرقان عمارت کا ایک حصہ گرنے سے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوا۔

دیگر جاں بحق 4 افراد کی شناخت فراز، کاشف، عامر اور شہروز کے نام سے ہوئی ہے جبکہ جاں بحق ایک شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔

ریسکیو آپریشن کے دوران فائر بریگیڈ کی سیڑھیاں ٹوٹنے سے 2 افراد گر کر زخمی ہوگئے۔ 

گل پلازہ کے مختلف حصے گرنے کا سلسلہ جاری

آگ لگنے سے مخدوش گل پلازہ کے مختلف حصے گرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ عقبی جانب عمارت کا بڑا حصہ گرا جبکہ پلرز میں دراڑیں گہری ہوگئی ہیں۔

چیف فائر افسر کا کہنا ہے کہ آگ ہفتے کی رات سوا دس بجے کے قریب لگی اور اسے تیسرے درجے کی قرار دے کر شہر بھر سے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے، آگ کی وجہ سے عمارت کے مختلف حصے گر رہے  ہیں، پوری عمارت میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ شاپنگ پلازہ میں کئی افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے،  آگ شاپنگ پلازہ کے میز نائن فلور پر لگی، آگ نے گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، شاپنگ پلازہ گراؤنڈ ، میز نائن پلس دو فلور پر مشتمل ہے۔

آگ کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتا 

گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے بعد متعدد افراد تاحال لاپتا ہیں جس کے باعث ان کے اہلِ خانہ سخت پریشان ہیں۔

لاپتا افراد کے اہلخانہ مختلف اسپتالوں میں اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ متاثر افراد کے اہلخانہ کا کہنا ہے ان کا اپنے پیاروں سے رات تک رابطہ تھا، اب فون بند ہیں۔

سول اسپتال کے برنس سینٹر کے باہر متاثر افراد کے اہلخانہ کی بڑی تعداد موجود ہے۔ خدشہ ہے کہ کئی افراد اب بھی عمارت کے اندر موجود ہوں۔

گھر والوں کا سہارا بننے والا 20 سالہ عامر بھی جاں بحق

آگ سے گھر والوں کا سہارا بننے والا ریلوے کالونی کا رہائشی نوجوان عامر بھی جان کی بازی ہار گیا۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ واقعے سے کچھ دیر قبل متوفی عامر کی اپنے بھائی سے بات بھی ہوئی تھی۔ محمد عامر گل پلازا کے گراؤنڈ فلور پر فوٹو فریم کی دکان میں کام کرتا تھا۔

گل پلازہ میں فائر فائٹرز داخل نہیں ہوسکے

سینئر فائر آفیسر عارف منصوری نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں فائر فائٹرز داخل نہیں ہوسکے، تپش زیادہ ہونےکی وجہ سے اندر داخل ہونےمیں مشکلات ہیں۔

فوٹو: اسکرین گریب
فوٹو: اسکرین گریب

چیف فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت میں زوردار دھماکا ہوا، جس کے بعد آگ مزید پھیل گئی ہے، دھماکا گیس لیکج کے باعث ہوا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق شاپنگ پلازہ میں دکانوں کی تعداد تقریباً 1200 ہے۔

آتشزدگی کے باعث اطراف کے علاقوں میں تبت چوک سے  گارڈن چوک ایم اے جناح روڈ اور انکل سریا چوک سے سینٹرل پلازہ تک ماسٹن روڈ بند ہے۔

گل پلازہ میں آگ 16 گھنٹے بعد بھی بجھائی نہ جاسکی، 6 افراد جاں بحق

ٹریفک کو تبت چوک سے جوبلی کی طرف اور انکل سریا چوک سے ٹینکر چورنگی اور گارڈن چوک کی طرف منتقل کردیا گیا ہے۔

صدرِ مملکت کا گل پلازہ میں آگ کے واقعے پر دکھ و رنج کا اظہار

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کراچی گل پلازہ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں صدر مملکت نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا اظہار افسوس

وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لوگوں کے جان و مال کی حفاظت کے لیے تمام تر اقدامات کئے جائیں، متاثرہ تاجروں اور دیگر افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔

 وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آتشزدگی سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا گل پلازہ میں آتشزدگی کا نوٹس

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو واقعے کی فوری انکوائری کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو آتشزدگی کی وجوہات معلوم کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت میں فائر سیفٹی انتظامات کی جانچ کرنے کی ہدایت کی ہے اور فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا بھی حکم دے دیا۔ 

سندھ حکومت نے آگ کے واقعے کا نوٹس لیا ہے: شرجیل میمن

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں لگی آگ میں کوتاہی سامنے آئی تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے فوری طور پر گل پلازہ میں آگ کے واقعے کا نوٹس لیا ہے۔ سرکاری مشینری رات سے آگ بھجانے میں مصروف ہے۔

ایس ایس پی سٹی کو آگ کی وجوہات کا پتہ لگانے کی ہدایت

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ شہریوں کیلئے محفوظ راستے کیلئے متبادل ٹریفک روٹس بنائے جائیں، ایس ایس پی سٹی آگ لگنے کی وجوہات کا پتا لگائیں۔

وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ عمارت میں آگ کو پھیلنے سے روکا جائے، فائر بریگیڈ گاڑیوں اور عملے کی رسائی کے لیے راستوں کو کلیئر رکھا جائے۔

رینجرز امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کیلئے جائے وقوعہ پہنچ گئی 

ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ رینجرز کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور اہلکار امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

گل پلازہ میں آگ 16 گھنٹے بعد بھی بجھائی نہ جاسکی، 6 افراد جاں بحق

ترجمان سندھ رینجرز کا بتانا ہے کہ امدادی آپریشن مکمل ہونے تک رینجرز کے افسران اور جوان حادثے کی جگہ موجود رہیں گے۔

فائر ٹینڈرز کے ساتھ ساتھ رینجرز کے جوان پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں، قیمتی املاک اور سامان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بھی سندھ رینجرز کی جانب سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

آگ مصنوعی پھولوں کی دکان پر لگی تھی جو پھیلتی چلی گئی

صدر گل پلازہ تاجر ایسوسی ایشن کے تنویر قاسم نے کہا کہ عمارت میں 80 سے 100 کے قریب افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں تنویر قاسم نے کہا کہ عمارت سے تمام کسٹمر نکل چکے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ، میئر کراچی کسی نے ابھی تک رابطہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ صرف گورنر سندھ آئے اور کوئی نہیں آیا،عمارت میں 1200 دکانیں ہیں، اربوں روپے کا نقصان ہوا، آگ مصنوعی پھولوں کی دکان پر لگی تھی جو پھیلتی چلی گئی۔

شہریوں سے گزارش ہے اداروں سے تعاون کریں، سعید غنی

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ اب بھی عمارت کے اندر متعدد لوگوں کے ہونے کا امکان ہے، شہریوں سے گزارش ہے کہ اداروں سے تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں متعدد آتشزدگی کے واقعات ہوئے ہیں، شہری اپنے اداروں اور عمارتوں میں آگ بھجانے کا انتظام کریں۔ عمارت میں ہنگامی اخراج کے راستے لازمی شامل کریں۔

جاں بحق افرادکے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، میئر کراچی

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے گل پلازہ میں آگ سے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں جاں بحق افرادکے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آگ بجھانے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے تاکہ مزید جانی نقصان نہ ہو۔

گورنر سندھ کی گل پلازہ آمد، امدادی کاموں کا جائزہ لیا

گورنر سندھ کامران ٹیسوری گل پلازہ پہنچ گئے، لگنے والی آگ پر اظہار تشویش کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔

گورنر سندھ نے متعلقہ اداروں کو فوری ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی، آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں اور افراد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے آگ پر قابو پانے اور واقع کی رپورٹ فوری طلب کرلی۔

بلاول کا آتشزدگی کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا،

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایم اے جناح روڈ پر واقع شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو آگ بجھانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات کی۔

بلاول بھٹو نے واقعے سے متعلق فوری تحقیقات اور آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کی بھی ہدایات کی۔

آگ کی وجہ سے عمارت کے پلرز کمزور ہوگئے

آگ کی وجہ سے عمارت کے پلرز کمزور ہوگئے ہیں، ترجمان ریسکیو کا کہنا ہے کہ عمارت انتہائی پرانی ہونے کے باعث گرنے کا خدشہ ہے، آتش گیر سامان کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔

سی او او ریسکیو کے عمارت میں کتنے لوگ ہیں تعداد بتانا مشکل ہے،سی او او ریسکیو کے مطابق عمارت کی پچھلی جانب ایک حصہ گرا ہے۔

ٹینکر گرومندر پر ٹریفک جام میں پھنسے رہے

سی او او واٹر کارپوریشن اسد اللّٰہ خان نے کہا کہ کراچی شہر میں تعمیراتی کام کے باعث واٹر ٹینکر تاخیر سے پہنچے۔

ٹینکر گرومندر پر ٹریفک جام میں پھنسے رہے، 3 واٹر ہائیڈرنٹ کے ذریعے پانی کی فراہمی ممکن بنائی گئی۔ 

آتش گیر سامان کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہوا

ترجمان ریسکیو کا کہناہے کہ آگ کی وجہ سے عمارت کے پلرز کمزور ہوگئے ہیں، عمارت انتہائی پرانی ہونے کے باعث گرنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آتش گیر سامان کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہوا، عمارت میں کتنے لوگ ہیں تعداد بتانا مشکل ہے۔

گل پلازہ میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی 

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے پر اپنے ردِعمل میں کہا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں آتشزدگی کے 25 سو سے زائد واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہاں عمارتوں میں ایسا کوئی میکنزم نہیں جس سے شہری محفوظ رہ سکیں۔

منعم ظفر نے مزید کہا کہ یہاں کمیٹیاں بنتی ہیں لیکن پھر کام نہیں ہوتا۔

 پانی کی کمی کے باعث عارضی طور پر آگ بجھانے کا عمل روک دیا گیا۔

کراچی ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی، پانی کی کمی کے باعث عارضی طور پر آگ بجھانے کا عمل روک دیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ گراؤنڈ فلورکی تمام دکانیں جل گئی ہیں، اب سے کچھ دیر پہلے آگ پر 60 فیصد تک قابو پا لیا گیا تھا، متاثرہ تاجروں نے گل پلازہ کے باہر اذان دینا شروع کردی۔



12282 139354412282

Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *