
سابق ہاکی اولمپئنز توقیر ڈار اور خواجہ جنید نے پاکستان ہاکی ٹیم کی پرو ہاکی لیگ میں شرکت کو ضروری قرار دے دیا۔
سابق اولمپئن توقیر ڈار نے پرو ہاکی لیگ کی پاکستان ہاکی کے لیے اہمیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ٹیم کے لیے چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ کھیلنا ضروری ہے اسی طرح پرو ہاکی لیگ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم اس وقت ورلڈ کپ اور اولمپکس میں شامل نہیں ہے، اب پرو ہاکی لیگ کا موقع ملا ہے، نیوزی لینڈ کے دستبردار ہونے سے جو موقع ملا ہے وہ بہت بڑا ہے۔
توقیر ڈار کا کہنا تھا کہ ہاکی کے لیے نہ ہی ڈومیسٹک سطح پر کچھ ہو رہا ہے اور نہ ہی انٹرنیشنل سطح پر اس لیے یہ ہمارے کھلاڑیوں کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے کہ وہ ٹاپ کی ٹیموں کے خلاف پورا سال کھیلیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چند سال پہلے ہم پرو لیگ سے دستبردار ہوئے، بھارت نے جگہ لی اب وہ دو اولمپک براونز میڈل جیتا ہوا ہے، جن لوگوں نے پرو لیگ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا وہ بھی مجرم ہیں، ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اللّٰہ نے اب ہمیں دوسرا موقع دیا، اس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے، حکومت کو چھوڑیں میں تو کہتا ہوں محسن نقوی ہی ہاکی کو بھی سپورٹ کریں، پیسہ دیں تاکہ ہاکی ٹیم پرو لیگ میں شرکت کرے۔
دوسری جانب اولمپئن خواجہ جنید نے کہا کہ اگر اس وقت ٹاپ ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع مل رہا ہے تو اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے، ہم کافی عرصے سے بڑی ٹیموں کے خلاف نہیں کھیل رہے لیکن اس کے لیے بڑے بجٹ کی ضرورت ہے جو کہ کسی کی سپورٹ کے بغیر نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کو سپورٹ کرنا چاہیے، ہم خوش قسمت ہیں کہ نیوزی لینڈ دستبردار ہوئی ہے اور ہمیں موقع ملا ہے، اس میں شرکت کرنے سے ہمارے کھلاڑیوں کی تربیت ہو گی اور اسکلز بہتر ہوں گے۔