
پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 14ویں میچ میں ملتان سلطانز نے راولپنڈیز کو 7 وکٹ سے مات دے دی۔ ایونٹ میں ڈیبیو کرنے والی ٹیم راولپنڈیز کی یہ مسلسل چوتھی شکست ہے۔
ملتان سلطانز کی ٹیم چار جیت کے ساتھ ٹیبل پر 8 پوائنٹس حاصل کرکے پہلے نمبر پر موجود ہے۔
لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پہلے راولپنڈیز نے پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ اوورز میں 8 وکٹ پر 182رنز بنائے۔ سیم بلنگز نے 56، کامران غلام نے 35 اور ڈیان فوریسٹر نے 24 رنز کی اننگز کھیلی۔
سلطانز کے فیصل اکرم نے 4 اور عرفات منہاس نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں ملتان سلطانز نے ہدف 17ویں اوور میں تین وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 38 گیندوں پر 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔
جوش فلپ نے 30 گیندوں پر 56 رنز 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے بنائے، شان مسعود 27 اور ایشٹن ٹرنر 26 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
ملتان سلطانز کے فیصل اکرم کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پی ایس ایل 11 میں لاہور میں پہلے مرحلے کا اختتام ہوگیا، دوسرا مرحلہ کراچی میں 8 اپریل سے شروع ہوگا، ایونٹ کے میچز جیو سوپر اور ڈیجٹل ایپ مائیکو پر براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔


