
وفاقی حکومت نے منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں طے پایا کہ غیرقانونی ذرائع سے بیرون ممالک رقوم بھجوانے والے کاروباری افراد اور اداروں کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے گا۔ منی لانڈرنگ و ہنڈی کے کاروبار میں ملوث بڑے افراد اور اداروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ رقوم صرف بینکنگ اور دیگر قانونی چینلز کے ذریعے بیرون ممالک بھجوائی جاسکیں گی۔ منی چینجز کے ذریعے رقوم بیرون ممالک بھجوانے کے عمل کو بھی اسٹریم لائن کیا جائے گا۔ بیرون ممالک رقوم بھجوانے کے پورے میکنزم کو شفاف اور فول پروف بنایا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ غیرقانونی ذرائع سے بیرون ممالک رقوم بھجوانے کے تمام چینلز کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے گی اور بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے گا۔
وزیر داخلہ اور وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک اور ایف آئی اے کا جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ بھی اجلاس میں کیا گیا، جو تمام متعلقہ امور پر پیشرفت کا باقاعدہ جائزہ لے گا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے بینکنگ چینلز سے رقوم کی ترسیل کے نظام کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں ڈی جی ایف آئی اے، گورنر اسٹیٹ بینک اور وفاقی سیکریٹری خزانہ نے بھی شرکت کی۔


