ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے گروپ 2 میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔ دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
کولمبو کے آر پریماداسا اور اس کے اطراف میں بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ کولمبو میں مسلسل بارش کے باعث امپائرز نے میچ کی منسوخی کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ میچ کا آخری کٹ آف ٹائم 9 بج کر 46 منٹ تھا۔ 5 اوورز کا میچ ہونے کے لیے 9 بج کر 46 منٹ تک میچ شروع ہونا لازمی تھا، تاہم اس وقت سے پہلے ہی میچ کو منسوخ کردیا گیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ٹاس کے فوراً بعد بارش شروع ہوئی مسلسل جاری رہی۔
پاکستان ٹیم میں خواجہ نافع کی جگہ فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان سلمان علی آغا، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، شاداب خان، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، سلمان مرزا اور عثمان طارق شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کپتان مچل سینٹنر، ٹم سیفرٹ، فن ایلن، راچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، جمی نیشم، میٹ ہینری، اش سوڈھی اور لوکی فرگوسن پر مشتمل تھی۔
پاکستان ٹیم سُپر ایٹ مرحلے میں اگلا میچ منگل 24 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز جیو سوپر اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم مائیکو پر براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔


