
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنے اعلیٰ سطح کے وفد (ڈپٹی وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور وزیرِ اطلاعات عطاء تارڑ) کے ہمراہ دورۂ آسٹریا کے دوران مصروف ترین دن گزارا۔
وزیرِ اعظم نے آسٹریا کے چانسلر کارل نیہامر سے خصوصی ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون سے متعلق متعدد یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، بعد ازاں انہوں نے پاکستانی و آسٹرین بزنس کمیونٹی سے خطاب کیا۔
دوپہر کو وفد نے ویانا سینٹر اقوامِ متحدہ میں کانفرنس میں شرکت کی جہاں پہنچنے پر انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
کانفرنس سے وزیرِ اعظم شہباز شریف، ڈپٹی وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور دیگر حکام نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا۔
اختتام پر سفیرِ پاکستان کامران اختر ملک نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا جبکہ بعد ازاں آئی اے ای اے اور یونیڈو کے سربراہان کے ساتھ مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیرِاعظم بھی موجود تھے۔
مصروفیات کے بعد وزیرِ اعظم وفد سمیت ہوٹل روانہ ہو گئے جبکہ آج رات تقریباً 2 بجے وفد امریکا کے لیے روانہ ہو گا۔


