کیریبیئن پریمیئر لیگ ( سی پی ایل) 2025 میں بولر اوشین تھامس کی شامت آگئی۔
26 اگست کو بدھ کو سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا ایمازون واریئرز اور سینٹ لوشیا کنگز کا میچ بہت دلچسپ اور منفرد رہا۔
اس میچ میں ایمازون واریئرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔
میچ کے 15 ویں اوور میں بولر اوشین تھامس کی شامت آئی جس کی وجہ ان کی نو بالز اور وائیڈ بالز بنی، اس اوور میں ایمازون واریئرز کے بیٹر روماریو شیفرڈ نے ایک لیگل گیند پر 22 رنز بنائے جبکہ اس اوور میں مجموعی طور پر 33 رنز اسکور کیے گئے۔
اوشین تھامس کے 15 ویں اوور کی ابتدائی 2 گیندوں پر 4 رنز بنے جس کے بعد ان کی شامت آگئی اور انہوں نے ایک لیگل گیند پر 22 رنز بنوا دیے۔
اوور کی تیسری گیند فرنٹ فٹ نو بال ہوئی، جس کے بعد والی گیند وائیڈ ہوئی اور پھر اگلی گیند بھی فرنٹ فٹ نو بال تھی جس پر روماریو شیفرڈ نے چھکا جڑ دیا، بعدازاں اگلی گیند ایک اور نو بال ہوئی اور اس بار بھی شیفرڈ نے لمبا چھکا مارا۔
اس کے بعد بھی اوشین تھامس نے اگلی گیند پر چھکا کھایا۔ یوں ایک لیگل گیند پر شیفرڈ نے بولر سے 22 رنز سمیٹے۔
اس کے بعد اگلی دو گیندوں پر بولر کو کچھ ریلیف ملا جس میں انہوں نے ایک ڈاٹ بال کرائی اور دوسری گیند پر ایک رن بنا تاہم اوور کی آخری گیند پر پھر انہوں نے چھکا کھا لیا۔
اس طرح اوشین تھامس کے ایک اوور میں مجموعی طور پر 33 رنز بنے۔
بعدازاں ایمازون واریئرز کی جانب سے دیے گئے 203 رنز کا ہدف سینٹ لوشیا کنگز نے آخری اوور میں حاصل کرلیا۔


