
پاکستان اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عالمگیر شیخ کی اسنوکر میں گراں قدر خدمات کے اعتراف کے طور پر ایشین کنفیڈریشن آف بلیئرڈ اسپورٹس (اے سی بی ایس) نے ورلڈ پول ایسوسی ایشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں اپنا نیا نمائندہ مقرر کیا ہے۔
اے سی بی ایس کا کہنا ہے کہ مسٹر شیخ کیو اسپورٹس ایڈمنسٹریشن میں کئی دہائیوں کا تجربہ کا تجربہ رکھتے ہیں اور ایشیا بھر میں بلیئرڈ اور پول کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، ہم عالمی کیو اسپورٹس کمیونٹی کیلئےان کی شرکت کے منتظر ہیں۔
عالمگیر شیخ کا کہنا ہے کہ یہ میرے اور ملک کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے، میں اے سی بی ایس کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے بورڈ میں شامل کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ پاکستانی اسنوکر اینڈ بلیئرڈ کا دنیا بھر میں بہترین کارکردگی کا اعتراف بھی ہے، بلیئرڈ اینڈ اسنوکر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے دنیا بھر میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کیلئے بے شمار عالمی اعزازات حاصل کئے ہیں۔
دریں اثنا پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن نے عالمگیر شیخ کو ورلڈ پول ایسوسی ایشن کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں نمائندہ مقرر کیے جانے پر مبارکباد دی ہے۔
اسلام آباد اسنوکر اینڈ بلیئرڈ ایسوسی ایشن کےصدر ڈاکٹر شہزاد وسیم، سیکریٹری محمد فہیم انور خان اور دیگر نے ورلڈ پول ایسوسی ایشن کی جانب سے تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمگیر شیخ کی تقرری سے ایشیا بھر میں بلیئرڈ اینڈ سنوکر کے کھیل میں ترقی ملے گی۔ عالمگیر شیخ کے اس کھیل میں وسیع تجربہ سے وہ فائدہ بھی اٹھائیں گے۔